نئی دہلی،19/دسمبر (ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) ممتاز ماہر ماحولیات اور گاندھی وادی انوپم مشراآج انتقال کرگئے، انہوں نے پیر کی صبح آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)میں آخری سانس لی، وہ 68سال کے تھے۔انوپم مشرا کے خاندان کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ مشرا گزشتہ سال بھر سے کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھے۔انوپم مشرا کے جسد خاکی کو آج صبح 11بجے گاندھی امن فاؤنڈیشن لایا جائے گا اور یہیں ان کی آخری رسومات دوپہر 1.30بجے نگم بودھ گھاٹ میں اداکی جائے گی۔انوپم مشرا کا اپنا کوئی گھر نہیں تھا، وہ گاندھی امن فاؤنڈیشن کے کیمپس میں ہی رہتے تھے،ان کے والد بھوانی پرساد مشرا نامور شاعر تھے، مشرا کے خاندان میں ان کی بیوی، ایک بیٹا، بڑے بھائی اور دو بہنیں ہیں، مشرا گاندھی امن فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی اور نیشنل گاندھی میموریل فنڈ کے نائب صدر تھے،انہوں نے ماحولیات کے ساتھ ہی زبان پر کئی کام کئے ہیں۔مشرا کو اندرا گاندھی نیشنل انوائرنمنٹ ایوارڈ،جمنا لال بجاج ایوارڈ سمیت کئی ایوارڈوں سے نوازا جاچکا ہے، آبی تحفظ پر لکھی گئی ان کی کتاب ’آج بھی کھرے ہیں تالاب‘کافی مشہور ہوئی اور ملکی و غیر ملکی کئی زبانوں میں اس کا ترجمہ ہوا،کتاب کی لاکھوں کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔ان کی دیگر مشہور کتابوں میں ’راجستھان کی رجت بوندیں ا‘ور ہمارا پریارون‘(ماحول)ہے۔’ہمارا پریاورن‘ملک میں ماحولیات کے موضوع پر لکھی گئی واحد کتاب ہے۔قابل ذکرہے کہ انوپم مشرا ایسے پہلے شخص ہیں، جنہوں نے ملک میں ماحولیات پر کام شروع کیاتھا، اس وقت حکومت میں ماحولیات کوئی محکمہ نہیں تھا،انہوں نے گاندھی امن فاؤنڈیشن میں ماحولیاتی پینل قائم کیا، انوپم مشراجے پرکاش نارائن کے ساتھ ڈاکوؤں کے خاتمے کی تحریک میں بھی سرگرم رہے۔